مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کیخلاف کشمیر یوں کے مظاہرے جاری قربانیاں رنگ لائیں گی: حریت قائدین
سرینگر (اے این این+این این آئی) مقبوضہ کشمر کے ضلع پلوامہ اور کولگام میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کی شہادتوں کیخلاف گزشتہ روز بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کشمیری نوجوانوں نے بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ دریں اثناء وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس ایک ہفتہ سے تاحال معطل ہے جس کی وجہ سے طلبائ، تاجروں سمیت دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ادھر سیاحتی مقام سونہ مرگ سے ایک غیرریاستی شخص کی نعش نالے سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر شناخت کیلئے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ میں رکھ دی۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیرمیںمسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہاہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہے جسے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق حل کیاجاسکتا ہے ۔ شبیر احمدڈار نے سوپور میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ایک روڈ میپ دیا ہے اور عالمی ادارے کو یادد لانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ بھارت نے کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی اور خوف و ہراس کا ماحول پید کر رکھا ہے اور وہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران کشمیریوں کا اپنا ناقابل تنسیخ حق،حق خودارادیت مانگنے پر ایک لاکھ سے زائد بے گناہ افراد کو شہیدکیا جا چکا ہے۔ عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما عبدالسلام کو ان کی 59 ویں برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے ان کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ عوامی مجلس عمل کے مرکزی دفتر واقع میرواعظ منزل سرینگر پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کشمیری قوم اپنے جائز حق ، حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے اور کشمیری نوجوان اپنی زندگیوں کو ایک عظیم مقصد کیلئے وقف کررکھاہے ۔ مسئلہ کشمیر کو طاقت اور تشدد سے حل کرنے کی بھارتی پالیسی ماضی میں کامیاب ہوئی نہ اب اس طرح جارحانہ طرز عمل سے اس مسئلہ کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو اگر غیر یقینی سیاسی صورتحال اورعدم استحکام سے نجات دلانا ہے تو مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اورپائیدار حل ناگزیر ہے ۔