پارکنگ کی جگہ کے بغیر کمرشلائزیشن کی اجازت نہ دی جائے: بلال بٹ
ملتان ( خبر نگار خصوصی ) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ کی زیر صدارتپھاٹا سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔ جس میں پھاٹا لینڈ رولز 2017کے تحت ضلع ملتان میں کمرشلائزڈ ایریا کا جائزہ لیا گیا اور گزشتہ اجلاس میں بنائی گئی کمیٹی نے شہر میں ٹریفک کے بہائو کے تسلسل کو قائم رکھنے، رش کو کم کرنے اور کمرشلائزیشن کو مناسب شکل دینے کے لئے سفارشات پیش کیں۔اس موقع پر کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے کہا کہ بے جاکمرشلائزیشن سے شہر کا حسن گہنا جاتا ہے۔ مناسب کمرشل ایریا کی عدم موجودگی دراصل جگہ جگہ کا روباری مقامات کی افزائش کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی جگہ یا عمارت کو 30فٹ سیٹ بیک ، پارکنگ کی مناسب جگہ اور کاروبار کے لئے عمارت میں متبادل تبدیلیوں کے بغیر کمرشلائزیشن کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پھاٹا طاہر جاوید انصاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پھاٹا کے زیرانتظام ممتازآباد میں 19فیصد، گلگشت میں34فیصد، نیو ملتان میں 5فیصد جبکہ شجاع آباد میں 6فیصد علاقوں میں کمرشلائزیشن ہوچکی ہے۔ بے ہنگم کمرشلائزیشن کو روکنے کے لئے مناسب پلان بھی بنالیا گیا ہے۔اجلاس میں کمرشل علاقوں میں ٹریفک کیلئے متبادل راستوں، پارکنگ کے لئے جگہ کے حصول اور حد سے زیادہ کمرشل علاقوں میں مزید یونٹ کو روکنے بارے بھی فیصلے کئے گئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشد گوپانگ، اسسٹنٹ کمشنر ز مسعود احمد بخاری، مبشرالرحمن، عبدالرئوف، شیخ محسن نثار، ایم ڈی واسا رائو قاسم ، رائو شفیق الرحمن،یاسر علی، رائو ذکاء الرحمن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔