ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں نظریاتی سمر سکول سیشن 21 جون سے شروع
لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام گزشتہ 17سال سے موسم گرما کی تعطیلات میں طلباء کی نظریاتی ‘ تعلیمی و اخلاقی استعدادِکار میں اضافہ کی غرض سے جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کا 18واں سالانہ تعلیمی سیشن 21جون سے 21جولائی 2018ء تک ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ہو گا۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کی۔ اجلاس میںپروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ، میاں فاروق الطاف اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید موجود تھے۔ نظریاتی سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ہے۔ یاد رہے کہ اس سکول کا آغاز جناب مجید نظامی نے2001ء میں کیا تھا۔ اس سکول میں 6سے 13سال کی عمر کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل اساتذہ کی نگرانی میں نظریۂ پاکستان سے ہم آہنگ نصاب اور نہایت دلچسپ و عام فہم انداز میں ذہنی و جسمانی نشوونما کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف مضامین اور کمپیوٹر کی تدریس کے علاوہ قائداعظم، علامہ محمد اقبال، مادرملت محترمہ فاطمہ جناح، مشاہیر تحریک پاکستان اور قیام تحریک پاکستان کے حوالے سے مختلف پروگرام منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ طلبا وطالبات کی پاکستان کی اہم شخصیات سے ملاقات بھی کروائی جاتی ہے۔