رمضان المبارک اللہ کامہینہ ہے جس میں نعمتوں میں اضافہ کردیاجاتاہے، قمرزیدی
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ایام استقبال رمضان کاسوموار کو آغاز ہوگیا ۔اس موقع پر ملک بھر میں محافل اور فضلیت ماہ صیام کے موضوع پر کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کی جامع مساجد اور دینی اداروں میں بھی استقبال رمضان کے موضوع پر پروگرام منعقد ہوئے ۔ہیئت طلبائے اسلامیہ کے زیر اہتمام علی ہال میں منعقدہ استقبال رمضان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمر حیدر زیدی نے کہا کہ رمضان المبارک قبولیت دعا اور استغفار کا مہینہ ہے جو اللہ کی قربت کے حصول کاذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کو اللہ کا مہینہ قراردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ شخص بد بخت ہے جو اس مہینے میں خدا کی بخشش سے محروم رہے ،اس مہینے میں روز قیامت کی بھوک پیاس کو یاد کرو ،فقیروں ،مسکینوں کو صدقہ دو اور بزرگوں کی تعظیم کرو۔