یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا آغاز
اسلام آباد(آن لائن ) یوٹیلیٹی اسٹور ز پر رمضان ریلیف پیکج کا آغاز کردیا گیا ہے مجموعی طور پر 1آرب 73کروڑ روپے کی سبسڈی کے تحت 19اشیاء خورد و نوش پر 5روپے سے 80روپے تک سبسڈی دی جائے گی ،رمضان ریلیف پیکیج چاند رات تک جاری رہے گا، اسٹورز پر اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔سوموار کے روز ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹور ز حبیب الرحمان گیلانی نے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے امسال 1 ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی سبسڈی رکھی گئی ہے ریلیف پیکج کے تحت 19 اشیاء ضروریہ پر 5 سے80 روپے تک سبسڈی دی جائے گی انہوں نے کہاکہ آٹے پر فی کلو 4 روپے چینی پر فی کلو 5 روپے گھی پر 15 روپے اور آئل پر 10 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی ۔