گورکھ ہل سندھ کا مری ہے،ترقیاتی عمل میں تاخیر مایوس کن ہے،میاں زاہد
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا کہ دادو میں چاول کے ویلیو ایڈیشن سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے بے تحاشہ مواقع ہیں۔ حکومت اگر سٹوریج، پولیشنگ اور پیکیجنگ کی جدید سہولیات مہیا کرے تو چا ول کی انٹرنیشنل مارکیٹ بشمول یورپ، سعودی عرب، سائوتھ افریقہ و دیگر ممالک کی مہنگی منڈیوں سے زائد منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔میاں زاہد حسین نے دادو کی بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ دادو ضلع بہترین قدرتی و زرعی وسائل رکھتا ہے ، قدرتی وسائل میں قیمتی پتھر ، گیس اور پٹرول کے ذخائرجبکہ زرعی وسائل میں چاول، دالیں، کپاس، جو سمیت کئی اہم فصلوں پر مشتمل ہیں۔ لائیواسٹاک میں بھی دادو اپناخاص مقام رکھتا ہے، جس سے اس علاقہ کی زرعی شعبہ کو کئی فوائد حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ چمڑہ ، کھالیں، ڈیری پروڈکٹس بھی بڑی مقدار میں حاصل کی جارہی ہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ زرعی اجناس کے لئے ویلیو ایڈیشن سینٹر وقت کی ضرورت ہے، جو نہ صرف شہر کی زرعی پیداوار کے ضیاع کو روکے گا، بلکہ برآمدات میں اضافہ اور بیرون ملک منڈیوں میں اچھے داموںکے ملنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔