پاک افغان فرینڈشپ جمناسٹک چمپئن شپ خیبر پختونخوانے جیت لی
پشاور(آئی این پی)خیبر پختونخواجمناسٹک ایسوسی ایشن نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پشاور میںپہلی مرتبہ افغان دوستی کو مزید فروغ دینے کیلئے پشاورکابل دوستی جمناسٹک چمپئن شپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جسمیںخیبر پختونخواکے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے 166.85پوائنٹس کیساتھ چمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی،جبکہ ہمسایہ ملک افغانستان کے شہر کابل کی ٹیم نے 164.65پوائنٹس لیکر رنر اپ ٹرافی جیت لی۔ا مقابلوں میں افغان دارلخلافہ کابل اور خیبر پختونخواکے بہترین جمناسٹک کے کھلاڑیوں نے زبردست اندازمیں اپنے فن کا کھل کر مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب دادوصول کی، چمپئن شپ کے اختتامی تقریب کے موقع پر نائب ناظم ضلع پشاوراور ڈسٹرکٹ کونسل کے کنوینیئر سید قاسم علی شاہ مہمان خصوصی تھے جبکہ انکے ہمراہ پی ٹی آئی کے رہنمائوں سمیت خیبر پختونخواجمناسٹک ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز احمد،صوبائی ووشوایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خیضر اللہ بھی موجود تھے جنہوںنے نمایاں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے ۔۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم ضلع پشاور اور ڈسٹرکٹ کونسل کے کنوینیئر سید قاسم علی شاہ نے کہاکہ حکومت نے سپورٹس کے شعبے کیساتھ نوجوانوں کو دیگر شعبوں میں بھی اپنالوہامنوانے کیلئے یوتھ ڈائریکٹریٹ کا قیام عمل میں لایاگیاہے ۔
سید قاسم علی شاہ نے خیبر پختونخوامیں جمناسٹک کھیل کی ترقی کیلئے صوبائی جمناسٹک ایسوسی ایشن کے صدر اعجازاحمد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوںنے صحیح معنوں میں اس کھیل کی ترقی کیلئے کام کیا جسکی وجہ سے نہ صرف پشاور بلکہ سوات،ہری پوری،مردان اور کوہاٹ سمیت مختلف اضلاع میں نچلی سطح ٹیلنٹ سامنے آرہاہے کیونکہ میں جہاں بھی جاتاہوں جمناسٹک کی دنیامیں اعجاز احمد کا نام سامنے آتاہے۔