آئرش بلے بازوں کی سرتوڑمزاحمت، ڈبلن ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل
ملتان(سپورٹس ڈیسک) آئرلینڈ کے بلے باز کیون اوبرائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہو گئے ہیں اور ان کی جرات مندانہ سنچری کی بدولت آئرلینڈ نے اننگز کی شکست سے بچنے کے ساتھ ساتھ 139 رنز کی برتری بھی حاصل کر لی ہے۔ڈبلن میں کھیلے جا رہے میچ کے چوتھے دن آئرلینڈ نے 64 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسکور میں 4 رنز کے اضافے کے بعد ہی وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ایڈ جوائس کی 43 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔پاکستان کو دوسری وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور محمد عباس کی گیند پر اینڈی بلبرنی وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔نئے بلے باز نیل اوبرائن نے ولیم پورٹر فیلڈ کے ساتھ مل کر اسکور کو 94 تک پہنچایا ہی تھا کہ محمد عامر نے اوبرائن کی وکٹیں بکھیر دیں اور پھر ایک رن کے اضافے سے کپتان سرفراز احمد کی مدد سے پورٹر فیلڈ کی اننگز کے آگے بھی فل اسٹاپ لگا دیا۔95 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد کیون اوبرائن کی میدان میں آمد ہوئی اور انہوں نے پال اسٹرلنگ کی مدد سے اسکور کو 127 تک پہنچایا لیکن عباس نے اسٹرلنگ کی اننگز کا خاتمہ کر کے ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی جبکہ عامر نے گیری ولسن کو آؤٹ کر کے تیسری وکٹ اپنے نام کی۔157 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد آئرلینڈ پر اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلانے لگا لیکن کیون اوبرائن اور اسٹورٹ تھامسن پاکستانی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری شراکت قائم کی اور 114 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب شاداب خان نے تھامسن کی وکٹیں بکھیر دیں لیکن آؤٹ ہونے سے قبل وہ 53 رنز بنا چکے تھے۔دوسرے اینڈ سے اوبرائن نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر کے آئرلینڈ کے لیے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو آئرلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر 139 رنز کی برتری حاصل ہے، اوبرائن 118 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں۔محمد عامر 3محمد عباس 2اور شاداب خان نے 1وکٹ حاصل کی ۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز 310 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی جس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم 130 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی تھی۔