نوازشریف کیخلاف غداری مقدمہ کے اندراج کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں آج سماعت ہو گی
لاہور/ بورے والا/ بھوانہ (وقائع نگار خصوصی + نامہ نگاران) سابق وزیر اعظم نواز شریفکے خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ جسٹس شمس محمد مرزا آج درخواست پر سماعت کریں گے۔ عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور نے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں نواز شریف کے متنازعہ انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا ہے اور نشاندہی کی گئی سابق وزیر اعظم کا متنازعہ انٹرویو ملک سلامتی کے منافی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق نواز شریف نے بیان دیکر ملک اور قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کیا۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کا بیان غداری کے مترادف ہے جو آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت قابل دست اندازی جرم ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی وفاقی وزارت داخلہ کو حکم دیا جائے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کرے۔ مزید براں پاکستان زندہ باد پارٹی نے بھی نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں نواز شریف کے حالیہ ممبئی حملے کے بیان کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان زندہ باد پارٹی کے وکیل آفتاب ورک نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کو بدنام کیا، سیاسی جماعت کے وکیل نے درخواست میں اعتراض اٹھایا نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے درخواست میں سابق وزیراعظم پر الزام عائد کیا گیا نواز شریف نے بیان سے پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی عدالت نواز شریف کے خلاف غداری کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کا حکم جاری کرے۔آئی این پی کے مطابق پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کے متنازعہ بیان پر درخواست دائر کردی، درخواست میں نواز شریف کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ایف آئی اے کو نوازشریف کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ بھوآنہ سے نامہ نگار کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف تحریک انصاف نے غداری کے مقدمہ کے لئے تحریری درخواست دے دی۔ تحریک انصاف کے ضلعی انفارمیشن سیکرٹری عمران عاربی نے تھانہ سٹی میں درخواست دیتے ہوئے مو¿قف اختیار کیا کہ نواز شریف نے انٹرویو میں ممبئی حملوں کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا جس پر بطور پاکستانی مجھے دکھ ہوا لہٰذا نواز شریف کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت آئین سے غداری اور ملکی سالمیت سے کھیلنے پر قانونی کارروائی کی جائے۔ بورے والا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سٹی صدر تحریک انصاف ملک فاروق احمد اعوان نے تھانہ سٹی پولیس کو میاں نوازشریف کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دیدی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا نواز شریف نے آئین پاکستان اور اٹھائے ہوئے حلف سے روگردانی کرتے ہوئے غداری کا ارتکاب کیا لہٰذا میاں نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔
ہائیکورٹ/ درخواستیں
لاہور+ اسلام آباد + کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) سندھ اسمبلی میں نوازشریف کے بیان کے خلاف مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارد اد کے متن کے مطابق نوازشریف (صفحہ 10بقیہ 67)
کا بیان ملکی سلامتی و خود مختاری پر کاری ضرب ہے، وہ قوم سے معافی مانگیں۔ قرارداد پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ضیا لنجار نے پیش کی، جس میں کہا گیا ہے ممبئی حملوں سے متعلق نوازشریف کے بیان سے قوم کی دل آزاری ہوئی۔ قرارداد کے متن کے مطابق نوازشریف نے آئین پاکستان کے ساتھ حلف کی خلاف ورزی کی، پورا ایوان ان کے بیان کی مذمت کرتا ہے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے میاں نواز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے پنجاب کا یہ مقدس ایوان میاں نواز شریف کو فی الفور گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتا ہے کیونکہ میاں نواز شریف قومی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔ نواز شریف نے بھارت کے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے جو بیان دیا ہے اس کے بعد میاں نواز شریف کی بھارت نوازی میں کوئی شکوک و شبہات نہیں رہے۔ اس بیان کی آڑ میں بھارت پاکستان کے تشخص کو بری طرح متاثر کر رہا ہے لٰہذا اس مقدس ایوان کے ارکان کی متفقہ رائے ہے ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور پاکستان کو کسی بڑے نقصان سے بچانے کے لئے میاں نوازشریف کی گرفتاری عمل میں لائی جائے اور الطاف حسین کی طرح میاں نواز شریف کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نوازشریف کیخلاف پنجاب اسمبلی میں 2قراردادیں جمع کرائیں دونوں قراردادیں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی طرف سے جمع کرائی گئیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کلبھوشن اور کشمیر میں مظالم پر خاموش اور ریاست کیخلاف زہر اگل رہے ہیں۔ میاں محمود الرشید نے کہا نوازشریف کا بیانیہ پاکستان کو عالمی دباﺅ میں لانے کی مکروہ کوشش ہے۔ نوازشریف غداری کے مرتکب ہوئے آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل کیا جائے۔ نوازشریف نے اقتدار چھن جانے کے دکھ میں ملکی سلامتی پر حملہ کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی میں تحریک التو جمع کرا دی۔ تحریک التواءمیں کہا گیا ہے سابق وزیراعظم کا حالیہ بیان جس میں ممبئی دھماکوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا عندیہ دیا گیا ہے پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ ایسے غیرذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ہماری قومی وسلامتی اور سفارتی کاوشوں پر برا اثر پڑے گا۔ لہذا اس معاملے کو فوری طور پر بحث کے لئے اسمبلی میں لایا جائے۔ تحریک التوا سید نوید قمر، شازیہ مری، نواب یوسف ٹالپور، سید غلام مصطفی شاہ و دیگر نے جمع کرائی۔
قراردادیں