نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے : عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے/ صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چار نکاتی مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف کے بیان پر ان کا ساتھ دینے کی وجہ سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف فوری مستعفی ہوجائیں نواز شریف کا نام ای سی ایل میںڈالا جائے اپنے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف آرٹیکل6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور ایف آئی اے اور نیب لندن میں مقیم نواز شریف کے دو بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز کے خلاف تفتیش شروع کریں کہ وہ کس طرح16 کمپنیاں چلا رہے ہیں اور ان کا بھارتی سٹیل کے تاجر جندال کے ساتھ کتنا بزنس ہے بنی گالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ مطالبات پیش کئے اس موقع پر سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفیٰ کھر ، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، ایم این اے شفقت محمود ، شمالی پنجاب کے صدر عامر کیانی بھی ان کے ہمراہ تھے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے ایسے وقت میں انٹرویو دے کر پاکستان کے خلاف دنیا بھر میں سرگرم ہندو اور یہودی لابی سرگرم کو پاکستانی فوج کے خلاف سازش کا موقع فراہم کیا ہے پاکستان جو اس وقت FATF کی گرے لسٹ میں ہے اگر نواز شریف کے اس انٹرویو سے اسے بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا تو اس سے نقصان صرف پاکستان کو ہے کیونکہ 10 سال میں پاکستان کا قرضہ چھ ہزار ارب تھا جو نواز شریف نے27 ہزار ارب تک پہنچا دیا ہے۔ وہ میر جعفر ثابت ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے کوشاں ہے، سب کو سمجھنا چاہیے کہ یہ گیم کیوں بنایاگیا، بھارتی میڈیا میں تاثر دیا گیا کہ یہاں سب کچھ فوج کرارہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ڈان لیکس میں یہ سب کچھ کہا گیا تھا، فوج پر الزام لگایا گیا، پاناما پیپرز آیا تو نوازشریف نے فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیئے، آج نواز شریف کو این آر او مل جائے تو فوج اور عدلیہ اچھی ہوجائے گی، ختم نبوت کے قانون میں خفیہ طور پر ترمیم کی گئی، ڈان لیکس، ختم نبوت قانون ایک ہی کڑی نظر آرہی ہے۔ نوازشریف نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچایا، شہبازشریف اور وزیراعظم کہتے ہیں وہ نوازشریف کے ساتھ ہیں، دونوں بتائیں بھارتی میڈیا نے نوازشریف کے بیان میں کیا غلط پڑھا، عمران خان نے کہا کہ بھارت الزام لگاتا ہے کہ پاکستان اپنے لوگ کشمیر میں بھیجتا ہے اور کشمیریوں کو پاکستان بھڑکاتا ہے، بھارت ہمیشہ ہماری فوج کے خلاف بیان دیتا ہے، نوازشریف کے بیان سے بھارت کو بہت فائدہ ہواہے ۔ نواز شریف عالمی اسٹیبلشمنٹ سے اپیل کررہے ہیں کہ مجھے بچاو، ملک کا سربراہ باہر کے لوگوں کو کہہ رہا ہے کہ ہماری مدد کرو ہم بے بس ہیں۔
عمران خان