ایم کیو ایم نے شہر میں نفرت کی سیاست کو فروغ دیا‘ نثار کھوڑو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہاکہ ہے کہ ملک دشمن کراچی میں امن نہیں چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم نے شہر میں نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔ پیپلز پارٹی شہر میں تمام قومیتوں کو ملانا چاہتی ہے۔ عمران خان کراچی میں ایک نشست بھی جیت نہیں سکتے۔ ان خیالات کااظہار پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے ضلع کورنگی میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی‘ صوبائی وزیر سعید غنی‘ راشد حسین ربانی‘ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ‘ایم پی اے جاوید ناگوری‘ ایم پی اے شہلا رضا‘ جاوید شیخ‘ چوہدری اصغر آرائیں‘ صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ‘ ذوالفقار قائم خانی‘ امان اللہ مسعود‘ مرزا مقبول ‘ شکیل چوہدری‘ و دیگر موجود تھے۔ جلسہ میں معروف سماجی رہنما عمران حیدر عابدی نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ نثار احمد کھوڑونے کہاکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ایک پارٹی کی دم پر پائوں رکھ دیا ہے‘ مصطفی کمال نے فاروق ستار سے ان کی پارٹی تک چھین لی‘ 12 مئی کو ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی مشرف کے ساتھ کھڑی تھیں‘ مشرف کے ریفرنڈم کو عمران خان نے سپورٹ کیا۔ سعید غنی نے کہاکہ کراچی شہر کا ہر تیسرا آدمی حالات سے پریشان تھا‘ ایم کیو ایم نے شہر میں نفرت کی سیاست کو فروغ دیا ہم شہر میں تمام قومیتوں کو ملانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ کراچی والوں کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں بلاول بھٹو زرداری جیسا نوجوان لیڈر ملا ۔ انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری طلوع ہو رہا ہے جبکہ دیگر جماعتیں غروب ہورہی ہیں‘ پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی بی ٹیم ہے۔