پی سی بی کراچی میں رمضان کرکٹ ختم کرنے کے در پے ہے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اصغر علی شاہ فائونڈیشن کے زیراہتمام گزشتہ22 برسوں سے رمضان المبارک میں منعقد ہونے والا ڈاکٹر ایم اے شاہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر جنید علی شاہ کا کہنا تھا کہ پی سی بی کراچی میں رمضان کرکٹ ختم کرنے کے در پے ہے رمضان کی آمد سے چند روز قبل این او سی جاری کرنے کے لئے بھاری فیسوں کا اطلاق کراچی کرکٹ کے ساتھ ظلم ہے ،پانچ لاکھ سے15لاکھ روپے لینا کہاں کا انصاف ہے ،کراچی میں رمضان کرکٹ سے کوئی بھی آرگنائزر پیسے نہیں کماتا بلکہ ہمیں میچوں کو ٹیلی وائز کرنے کے بھی پیسے دینا پڑتے ہیں ،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ رمضان کرکٹ پیسے کمانے کا دھندہ ہے تو اس کی سوچ غلط ہے ،ان کا کہنا تھا کہ رمضان کرکٹ سے لوکل کرکٹرز کو اچھی آمدنی ہوتی ہے ماضی میں پی سی بی نے خود بھی رمضان کرکٹ منعقد کروانے کی کوشش کی تھی جس میں اسے ناکامی ہوئی اور اب وہ کراچی کرکٹ کو ہی ختم کر نے کی کوششو ں میں مصروف ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جیب سے خرچ کرکے رمضان میں کرکٹ کرواتے ہیں کیونکہ یہ22 سال سے ہو رہی ہے ،میں حق کے لئے آواز بلند کر رہاہوں اگر مجھے اپنے ٹورنامنٹ کے لئے اچھے امپائرز دستیاب نہئں ہوئے تو میں بھی پھر بھی ٹورنامنٹ کروائوں گا ۔