رمضان کرکٹ کیلئے بھاری رقم وصول کرنا پی سی بی کی ناقص پالیسی ہے، ندیم عمر
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر اور کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے امیدوار ندیم عمرنے کہا ہے کہ کراچی رمضان کرکٹ کے لئے این او سی جاری کرنے کے لئے بھاری رقم وصول کرنا پی سی بی کی ناقص پالیسی اور کراچی دشمنی ہے ،پیر کو کراچی میں ایک تقریب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کا م کرنا چاہئے ناکہ کرکٹ کو روکنے کے لئے ،کراچی میں رمضان کرکٹ پروفیشنل نہیں بلکہ تہوار کے طور پر کھیلی جاتی ہے جس میں کوئی بھی آرگنائزر پیسے نہیں کما تا ،پی سی بی کو ماضی میں رمضان کر کٹ کے حوالے سے کرکٹرز اور ٹیموں کی تفصیلات ہی بتائی جاتی تھیں اور وہ این او سی دے دیتا تھا تاہم اب اس سال بھاری فیس رکھ دی گئی ہے ،ٹوکن فیس کے طور پر ایک یا دو لاکھ روپے تو قابل قبول ہیں ،پانچ سے15لاکھ روپے لینا تو نا انصافی کے مترادف ہیں۔