کھلاڑیوں کے لئے20عدد ون ویل سائیکل فراہم کی جائیں‘ ملنگ بلوچ
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) ہل پارک اسپورٹس ویلفیئر ایسو سی ایشن کے چیف کوچ ملک بلوچ ملنگ نے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی سے اپیل کی ہے کہ ان کی ایسو سی ایشن کو20عدد ون ویل سائیکل فراہم کی جائیں۔ ملنگ بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے دو ماہ قبل سیکریٹری اسپورٹس سے تحریری درخواست کی تھی کہ ہمارے پاس ون ویل سائیکلنگ کے100سے زائد کھلاڑی ہیں لیکن ہماری ایسو سی ایشن کے پاس صرف5 عدد ون ویل سائیکل ہیں‘ جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو تربیت اور ٹریننگ کے دوران مسائل کا سامنا ہے‘ فٹبال ‘جمناسٹک‘ باکسنگ کی طرح ون ویل سائیکلنگ ریس بھی انٹرنیشنل سطح پر کھیلا جانے والا کھیل ہے لیکن ناکافی سہولیات کے سبب ہمارے کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں۔ چیف کوچ ملک بلوچ ملنگ نے ایک بار پھر صوبائی وزیر کھیل اور سیکریٹری اسپورٹس سے درخواست کی ہے کہ ہماری درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ہمیں20عدد سائیکل کی فراہم ممکن بنائی جائے تاکہ ہمارے کھلاڑی بھی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔