حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ، حضرت سیّد حامد گنج بخش گیلانیؒ کے بیٹے تھے۔ حضرت سیّد حامد گنج بخش گیلانی کے والد سیّد عبدالرزاق شاہ گیلانیؒ، دادا حضرت سیّد عبدالقادر ثانیؒ اور پردادا حضرت سیّد شیخ بندگی محمد غوث گیلانی حلبی اوچیؒ تھے جو کہ حضرت سیّد شیخ شمس الدین جیلانی حلبیؒ کے اکلوتے فرزند تھے۔
حضرت شیخ بندگی محمد غوث گیلانی 833ھ میں حلب (شام) میں پیدا ہوئے۔ آپؒ نے تحصیلِ علم کی غرض سے خراسان، ترکستان، ایران اور عرب ممالک کا سفر کیا۔ ہندوستان کے سفر کے دوران لاہور اور ناگور میں بھی کچھ عرصہ قیام فرمایا اور والد کی وفات کے بعد آپ خراسان کے راستے ہندوستان تشریف لائے اور آخرکار 877ھ میں اُوچ میں سکونت پذیر ہوئے۔ 923ھ میں اوچ میں واصل بحق ہوئے اور وہیں مدفون ہیں۔
حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ نے قرآنِ مجید کم عمری ہی میں حفظ کر لیا اور جملہ دینی علوم سے فارغ التحصیل ہونے پر آپؒ کے والدِ گرامی نے آپ کو اپنا جانشیں مقرر فرمایا اور ساتھ ہی اپنا خاص خرقہ مبارک، سجادہ اور انگوٹھی عطا فرمائی۔ والد کی وفات کے بعد آپؒ کے بڑے بھائی سیّد نظام الدین عبدالقادر ثالثؒ نے آپ کی جانشینی پر اعتراض اٹھایا تو اس معاملے کو دربارِ شاہی میں لے جایا گیا۔ مغل شہنشاہ جلال الدین اکبر نے ان بزرگوں کو فتح پور سیکری مدعو کیا اور علماء قضاۃ اور رؤسائے دربار کو تحقیق و تفتیش پر مامور کیا۔ قرآن مجید کے حکم کے مطابق مجلس شوریٰ بلائی گئی اور اراکینِ مجلسِ شوریٰ نے فیصلہ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے حق میں لکھ کر دربار میں پیش کر دیا۔ مغل شہنشاہ جلال الدین اکبر نے مصلحتاً عبدالقادر ثالث کو اپنے پاس رکھا اور حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کو لشکر کے ساتھ دکن بھیج دیا۔ دکن کی مہم سے فارغ ہو کر آپ آگرہ آئے تو بادشاہ پانصدی کا عہدہ عطا کر کے نہایت عزت و احترام سے رخصت کیا اور آپؒ دہلی تشریف لے آئے۔ دہلی میں بہت سے لوگ آپ کے مرید ہوئے جن میں حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی قابلِ ذکر ہیں۔ دہلی میں رشد و ہدایت کی شمعیں روشن کرنے کے بعد آپؒ اوچ کی جانب روانہ ہوئے اور اپنے والدِ ماجد کی مسند پر بیٹھ کر دین کی تبلیغ و تلقین شروع کی۔ آپؒ 1010پ میں قزاقوں کے ہاتھوں شہید ہوئے اور اوچ میں دفن ہوئے۔ آپؒ کے جسدِ مبارک کو وہاں سے نکلوا کر ملتان کے قریب موضع منگے ہٹی میں امانتاً دفن کیا گیا۔ پندرہ سال بعد آپؒ کے جسدِ مبارک کو ملتان منتقل کیا گیا۔ روایت کے مطابق جب جسدِ مبارک کو وہاں سے نکال کر ملتان لایا گیا تو وہ صحیح حالت میں تھا اور کسی قسم کا نقصان نہ ہوا تھا۔ آپ کی تصنیف ’’تیسیرالشاغلین‘‘ ایک اہم علمی یادگار ہے۔ میرے والد مخدوم سیّد علمدار حسین گیلانی، مخدوم سیّد غلام مصطفی شاہ گیلانی کے بیٹے اور پیر سیّد محمد صدرالدین شاہ گیلانیؒ کے پوتے تھے۔ پیر صدرالدین شاہ حضرت پیر سیّد ولایت حسین شاہ گیلانیؒ کے فرزندِ ارجمند اور سجادہ نشیں تھے۔ آپ کا شجرۂ نسب حضرت سیّد ابوالحسن جمال الدین المعروف موسیٰ پاک شہیدؒ (952ھ - 1010ھ) سے جا ملتا ہے۔ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کا مزار شہرِ فصیل کے جنوبی حصہ میں واقع ہے۔ جس دروازے سے جسدِ مبارک کو شہر کے اندر لے جایا گیا وہ ’’پاک دروازہ‘‘ کے نام سے مشہور ہو گیا، اس دروازے کو اُس وقت سے اسی نام سے موسوم کیا گیا ہے حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کی وفات پر آپؒ کے بڑے بیٹے حامد گنج بخش ثانی گیلانی المعروف شیخ حامدؒ نے ملتان میں مستقل سکونت اختیار کی اور درگاہ عالیہ حضرت پیر پیراں موسیٰ پاک شہیدؒ ملتان کے سجادہ نشیں مقرر ہوئے۔ آپ کی تمام عمر درس و تدریس اور ہدایتِ خلق میں بسر ہوئی۔ آپ کے بعد آپ کے فرزند حضرت نواب موسیٰ پاک دین المعروف شیخ موسیٰؒ سجادہ نشیں قرار پائے۔ حضرت موسیٰ پاک دین علم و فضل میں یکتا ہونے کے علاوہ روحانیت میں بھی اعلیٰ مقام رکھتے تھے۔ شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر جب اپنے بھائیوں کے ساتھ تخت کے حصول کی جنگ میں مصروف تھے، اُس وقت شیخ موسیٰ صوبہ ملتان کے دیوان اور پیشکار (گورنر) تھے۔ شہنشاہ اورنگزیب جب اپنے بھائی داراشکوہ کی تلاش میں لشکر کے ساتھ ملتان پہنچے تو اس سے پہلے ہی دارا شکوہ بھکر کے لیے روانہ ہو چکے تھے۔ شہنشاہ اورنگزیب نے شیخ موسیٰ (دیوان) سے داراشکوہ کے بارے میں یوں دریافت کیا کہ دارا بے شکوہ کجا است؟ (دارا بے حیثیت کہاں ہے؟) شیخ موسیٰ نے جرأت سے ان اُن کے اس سوال کا جواب دیا کہ دارا باشکوہ رفت رفت (دارا باحیثیت) اگر یہاں ہوتے تو وہ میرے مہمان تھے تو مَیں کبھی آپ کے حوالے نہ کرتا۔ شہنشاہ اورنگزیب اپنی بات کی اس گستاخانہ جرأت سے تردید پر سیخ پا ہوئے اور شیخ موسیٰ کو فوری طور پر اُن کے عہدے سے معزول کر دیا۔ اُس دن سے آج تک حضرت پیر پیراں موسیٰ پاک شہیدؒ کے سجادہ نشیں نے نہ کسی قسم کے دنیاوی عہدے کو قبول کیا اور نہ ہی سیاست میں آئے یا کسی انتخاب میں حصہ لیا۔ جب مَیں وزیراعظم بنا تو اخبارات نے میرے نام کے ساتھ مخدوم لکھنا شروع کر دیا جس پر مَیں نے سرکاری طور پر اعلان کیا کہ میرے نام کے ساتھ مخدوم نہ لکھا جائے کیونکہ مَیں خادم کی حیثیت سے کام کرنے آیا تھا۔ بطور وزیراعظم جب مَیں بہاء الدین زکریا یونیورسٹی گیا تو وہاں پر شعبہ اسلامک سٹڈیز کے تحت حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ چیئر قائم کی جس کا مقصد یہ تھا اس خطے کے اولیائے کرام پر کام کروایا جائے جس کے بعد پہلی کتاب حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کی سوانح پر شائع کی گئی۔ آپ کا سالانہ عرس مبارک ہر سال 18 شعبان سے لے کر 20 شعبان تک ملتان میں منایا جاتا ہے جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38