گوجرانوالہ: نجی کلینک میں نوجوان کی ہلاکت‘ ورثاء کا احتجاج‘ ڈاکٹر‘ عملہ فرار

Mar 15, 2025

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث آپریشن کے دوران نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ ورثاء  نے کئی گھنٹے روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔ ڈاکٹر و عملہ نعش چھوڑکر فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق  27 سالہ گلفام احمد کو ہرنیا کے آپریشن کے لیے ماڈل ٹاؤن میں واقع ڈاکٹر نواز کے نجی کلینک پر لایا گیا جہاں پر وہ جاں بحق ہوگیا۔ وقوعہ کے بعد ڈاکٹر نواز اور اس کے کلینک کا عملہ ہسپتال کا تمام ریکارڈ لیکر روپوش ہوگیا۔ جبکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر ثاقب موقع پر پہنچے، جنہوں نے آپریشن تھیٹر کو سیل کر دیا اور رپورٹ پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن کو ارسال کر دی۔ ورثاء  نے کئی گھنٹے روڈ بلاک کئے رکھی۔  پولیس سے مذاکرات کے بعد سڑک کھول دی گئی۔ دریں اثناء  ماڈل ٹاؤن پولیس نے رات گئے نعش کو سول ہسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹرز نے پوسٹمارٹم کے بعد میت ورثا کے حوالے کردی اور نعش کے نمونے فرانزک سائنس لیب میں بھجوادئیے ہیں۔ ورثاء  نے یہ بھی الزام لگایا کہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے ہی انکار کر دیا۔ پولیس کے مطابق اس حوالہ سے جو رپورٹ بھی سامنے آئے گی اس کے مطابق مقدمہ درج ہوگا۔ متوفی گلفام احمد کو  آہوں وسسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مزیدخبریں