نواز بلاول ملاقات سے حکومت پر گھبراہٹ طاری ہے: اویس نورانی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ غریب عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ اپوزیشن کی نئی صف بندی شروع ہو گئی ہے۔ نواز بلاول ملاقات سے حکومت پر گھبراہٹ طاری ہے۔ غیر سیاسی قوتوں کی سیاست میں مداخلت روکنے کے لئے نیا میثاق جمہوریت ضروری ہے۔ ملک میں صدارتی نظام نافذ کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ سیاستدانوں کو بدنام کرنا غیر سیاسی قوتوں کا ایجنڈا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں مداخلت فی الدین ناقابل قبول ہے۔ امریکہ کو خوش کرنے کیلئے دین دشمن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مدارس و مساجد کو حکومتی تحویل میں لینا افسوسناک ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت دینی جماعتوں کو کمزور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ قومی اداروں کی نجکاری ملک دشمن فیصلہ ہے۔ حکومت قومی اثاثے فروخت کرنے سے باز رہے۔ نواز شریف کی صحت کے معاملے پر حکومتی غیر سنجیدگی افسوسناک ہے۔ سابق وزیراعظم کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈروں کے خلاف بدزبانی زیب نہیں دیتی۔ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آ کر بھی بدزبانی ترک نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔