این اے 125انتخابی عذرداری کیس حامد خان کے وکیل کے دلا ئل مکمل
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) این اے 125انتخابی عذرداری کیس کی سماعت تحریک انصاف کے امیدوار حامد خان کے وکیل کے دلائل مکمل ہوگئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر سعد رفیق کے وکیل کو دلائل دینے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی ۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا ایک پولنگ سٹیشن میں پریذائیڈنگ افسر نے انتخابی نتیجے پر دستخط ہی نہیں کیے اس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا ہوسکتا ہے پریذائیڈنگ افسر کو دستخط کرنا نہ آتے ہوں ،ریکارڈ کے تو حالات اچھے نہیں ہیں۔حامد خان کے وکیل نے کہا تمام ریکارڈ جعلی تیار کیا گیا ہے،آر او نے تسلیم کیا کہ تھیلے کھولے بغیر نتائج مرتب کیے،بتایا گیا کہ پولنگ عملہ نے انگوٹھے کے نشان لگوا لیے لیکن بیلٹ پیپر نہیں دیے،بیس پولنگ سٹیشنز پر سو فیصد پولنگ ہوئی،پولنگ سٹیشن نمبر 99 پر ووٹنگ سو فیصد سے بھی زیادہ ہوئی۔ تحریک انصاف کے رہنما حامد خان کے وکیل نے دلائل مکمل کر لیے ۔آئندہ سماعت پر سعد رفیق کے وکیل( خواجہ حارث ) جواب الجواب دلائل دیں گے ۔