اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس: ملزموں پر 20مارچ کو فردجرم عائد ہو گی

15 مارچ 2018

اسلام آباد (نامہ نگار) اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں میں ضمنی نیب ریفرنس کیس میں صدر نیشنل بنک سعید احمد سمیت نامزد تین ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ احتساب عدالت نے سماعت20 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ملزمان پر فردجرم 20 مارچ کو عائد کی جائے گی۔بدھ کواحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی نیب ریفرنسز کیس کی سماعت کی۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کیس کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دیتے ہیں۔ وکیل سعید احمد نے کہا 16 تاریخ کو پیش نہیں ہو سکتا۔ عدالت نے کہا 20 مارچ کو پیش ہو جائیں اسی دن فرد جرم بھی عائد کریں گے۔ وکیل سعید احمد نے کہا امید ہے ہماری ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست منظور ہو جائے گی۔ عدالت نے سماعت 20 مارچ تک ملتوی کر دی۔