نواز شریف الزام تراشی میں عمران خان کیساتھ مل گئے‘ ہمارا دربار جمہوریت ہے: خورشید شاہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمارا دربار جمہوریت ہے، پیپلز پارٹی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ جمہوریت کیلئے سر کٹوایا اور لہو بہائے، نہ کبھی کسی کے سامنے جھکے نہ جھکنے کا ارادہ ہے، ہمارے پاس سینٹ میں اکثریت ہے، قائد حزب اختلاف کا عہدہ کامیابی سے حاصل کرلیں گے۔ تحریک انصاف کو اپنا اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کا جمہوری اختیار حاصل ہے۔ خورشید شاہ نے نواز شریف کی جانب سے چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے عمل میں پیپلز پارٹی کے کردار پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اگر اپنے ماضی میں جھانکیں تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ آمروں کے سامنے سر کس نے جھکائے، نواز شریف کا وطیرہ الزام تراشی بن چکا ہے اور اس عمل میں وہ عمران خان کے ساتھ مل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ ہارس ٹریڈنگ ثابت کرنے کیلئے عدالتوں میں گئے ہیں اب دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے، میاں صاحب کو چھانگا مانگا یاد آرہا ہے تاہم اب وہ دور گزر چکا ہے اب وہاں بڑی بڑی عمارتیں بن چکی ہیں۔