اچھرہ: دیرینہ رنجش پر کار سوار نے گاڑی پولیو ورکرز پر چڑھا دی، خاتون سمیت 2 زخمی

15 مارچ 2018

لاہور(نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) اچھرہ کے علاقہ میں کار سوار نے پولیو ورکرز پر گاڑی چڑھا دی۔ جس سے خاتون سمیت دو پولیو ورکر زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی ورکر کے مطابق پرانی رنجش پر کامران مرزا نامی شخص نے انہیں کچلنے کی کوشش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اچھرہ کے علاقہ میںپولیو ورکرز معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے اس دوران گاڑی نمبر ایل سی سی۔ 1051نے پولیو ورکرزکو اپنی گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی ۔جس سے خاتون ورکر سحرش اور رحمن گاڑی کی ٹکر لگنے سے شدید زخمی ہو گئے جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ موقع پر درجنوں افراد جمع ہو گئے جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال پہنچایا گیا ۔ جہاں ڈاکٹروں کے مطابق خاتون سحرش کا بازو اور رحمن کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کے بیان ریکارڈ کرلئے گئے ہیں ۔زخمی ورکر رحمن کے مطابق پرانی رنجش پر کامران نامی شخص نے انہیں کچلنے کی کوشش کی ہے ۔