دکھی انسانیت کی خدمت کرنیوالے معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہیں: گورنر پنجاب
لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اپنے لیے تو ہر کوئی جیتا ہے‘ اصل زندگی وہ ہے جو انسان اپنے لیے نہیں بلکہ دوسروں کے لیے جیے خصوصا محروم طبقے کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کی جائیں بلاشبہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ایسے لوگ ہمارے معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان خیالات کا انہوں نے تیزاب گرانے کے واقعات یا تشدد کے نتیجے میں متاثر ہونے والی خواتین کے لیے مقامی این جی اوز کے تعاون سے شروع کی جانے والی ہیلپ لائن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق،ڈی جی ریسکیو 1122 رضوان نصیر اور مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔انہو ںنے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کی ہرسطح پر حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے مسرت مصباح کی قیادت میں ’’سمائل آگین ‘‘ فائونڈیشن کا یہ اقدام بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہو گا-انہوںنے خواتین پر تیزاب گرانے کے واقعات کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے ایسی متاثرہ خواتین کی بحالی اور انہیں دوبارہ زندگی کی دوڑ میں شامل کرنے کی کوششوں کو سراہا اور انہیںسرکاری طور پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔