پولیو مہم کامیاب بنانے کے لئے ہر طبقہ کو کردار ادا کرنا ہوگا: خلیل سندھو

15 مارچ 2018

لاہور(خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طا ہر سندھو نے کہا ہے کہ پولیو ایک مہلک مرض ہے اور اس کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کیلئے پولیو قطروں کو لازمی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر صوبہ بھر میں محکمہ ہیلتھ ،پنجاب کے ہمراہ اپنے اپنے حلقوں میں پولیو کی جاری مہم کو کامیاب بنانا ہوگا تاکہ اس موذی مرض سے ہمارے بچے ہمیشہ کیلئے محفوظ رہ سکیں،ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز محکمانہ اجلاس کی زیر صدارت کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور عاصم اقبال،اقلیتی نمائندگان اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔سیکرٹری انسانی حقو ق و اقلیتی امور عاصم اقبال نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پنجاب کے آٹھ حساس اضلاع میں پولیو کی مہم 12مارچ سے شروع ہوچکی ہے اور16 مارچ تک اختتام پذیر ہوگی اور اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً69 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلاے جائیں گے۔