انتخابی اصلاحات ایکٹ سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کیلئے شقیں درست ہیں: سپریم کورٹ

15 مارچ 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن سے متعلق انتخابی اصلاحات ایکٹ کی شقوں کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات ایکٹ میں سیاسی جماعت کی رجسٹریشن سے متعلق طے کردہ اصول بالکل درست ہیں، عدالت نے طے کردہ انتخابی قانون کی شرائط پر پورا اترنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو 19مارچ تک مہلت دیدی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے 24 جماعتوں کی اپیلو ں پر سماعت کی تو سیکرٹری الیکشن کمشن بھی عدالت میں پیش ہوئے، پارٹیوں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا الیکشن کمشن نے سیاسی جماعتوں کیلئے 20 ہزار افراد کی ممبر شپ اور 2 لاکھ روپے جمع کرنے کا قانون طے کیا، ہم نے طے کردہ شرائط کو پورا تو کر لیا لیکن وقت گزر چکا تھا۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کمرہ عدالت میں شور شرابا بھی کیا، کچھ درخواست گزاروں نے انتخابی اصلاحات ایکٹ کی شقوں کو چیلنج بھی کر رکھا تھا۔