کراچی: عوامی شکایات، نادرا کے 2ڈائریکٹرز برطرف‘ ڈی جی سندھ کا تبادلہ

15 مارچ 2018

کراچی(این این آئی) چیئرمین نادرا عثمان مبین نے عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے نادرا کے 2 ڈائریکٹرز کو برطرف جبکہ ڈی جی سندھ کا تبادلہ کرتے ہوئے کراچی میں ہفتہ اور اتوار کو بھی دفاتر کھولے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان نادرا کے مطابق چیئرمین نادرا عثمان مبین نے گزشتہ روز کراچی کے مختلف نادرا سینٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سائلین سے ان کے مسائل سنے اورموقع پر مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ چیئرمین نادرا رات گئے ڈیفنس کے میگا سینٹر پر بغیر اطلاع پہنچے تو شناختی کارڈ کے حصول کیلئے طویل قطار میں کھڑے ہوئے تھے۔ چیئرمین نادرا نے اعلیٰ افسران کو موقع پر طلب کرکے سخت برہمی کا اظہار کیا اور سینٹر کے پورے عملے کو تبدیل اور عوامی شکایات پر چار سینٹرز کے انچارج کو معطل کردیا ۔ چیئرمین نادرا نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کیلئے کراچی میں نادراسنٹرز صبح 9 سے رات 9 بجے تک کھلے رکھے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ سائلین کے ساتھ ایسا سلوک قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل اور سہولت کیلئے نادرا دفاتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رکھیں جائیں۔چیئرمین نے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے نادرا میں اعلیٰ کارکردگی کا ریکارڈ رکھنے والے افسران کو کراچی طلب کرلیا ہے۔