ملک بھر میں ایک ہی دن عید منانے کی درخواست سپریم کورٹ نے مسترد کر دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے ملک بھر میں ایک ہی دن چاند دیکھ کر عید منانے سے متعلق انسانی حقوق کے آرٹیکل 184/3 کے تحت درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ مقدمہ آرٹیکل 184کی شق 3کے زمرے میں نہیں آتا۔ چیف جسٹس نے پوچھا آپ کا حق کیسے متاثر ہورہا ہے؟۔اس پر درخواست گزار ایڈووکیٹ اسلم خاکی نے جواب دیا ایک ملک میں عید کے دو تہوار منائے جاتے ہیں، دو عیدیں منانے سے ملک کا اتحاد کمزور ہورہا ہے، جب میں خیبر پی کے جاتا ہوں تو وہاں عید ہوتی ہے لیکن یہاں روزہ ہوتا ہے۔ عدالت نے قرار دیا یہ مقدمہ مفاد عامہ کے تحت نہیں آتا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔