پاکستان میں ایٹمی سکیورٹی کے معیار سے مطمئن ہیں: آئی اے ای اے
کراچی (اے پی پی) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل یا کیو ایمانو نے کہا ہے کہ پاکستان نیوکلیئر سیفٹی اور سکیورٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کر رہا ہے، آئی اے ای اے کی گائیڈ لائن پر مکمل عملدرآمد کر رہا ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی پاکستان کی اس کاوش کو لائق تحسین سمجھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں سینٹر فار انٹرنیشنل سٹرٹیجک سٹڈیز اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کی چیئرپرسن ڈاکٹر معصومہ حسن اور سینٹر فار انٹرنیشنل سٹرٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل سکیورٹی ڈویژن ڈاکٹر ظفر علی نے بھی خطاب کیا۔ مسٹر یاکیو ایمانو نے کہا ہے کہ جوہری توانائی سے کینسر کے علاج کیلئے پاکستان میں 18 ہسپتال کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوہری توانائی سے کینسر کے علاج کے اس پروگرام کو دیہی علاقوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر جوہری ادارے کو نیو کلیئر ہتھیاروں تک محدود ہی سمجھا جاتا ہے جبکہ آئی اے ای کا کردار جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی ہے۔