ٹھگز آف ہندوستان میں امیتابھ کی جھلک قرار دی گئی تصویر افغان پناہ گزین کی نکلی 

15 مارچ 2018

  نئی دہلی (آن لائن)بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی آنے والی نئی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' میں بگ بی کی جھلک قرار دے کر بھارتی میڈیا میں جس تصویر کا خوب چرچا ہوا وہ درحقیقت ایک افغان پناہ گزین کی نکلی۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بھارتی میڈیا پر ایک تصویر کا خوب چرچا رہا، جسے امیتابھ بچن کی آنے والی نئی فلم 'ٹھگز آف ہندوستان' میں بگ بی کا نیا روپ قرار دیا گیا اور حقیقت جانے بغیر ان کے میک اپ کی تعریفوں کے پْل بھی باندھے گئے کہ امیتابھ ذرا بھی پہچان میں نہیں آرہے۔تاہم حقیقت اْس وقت کھلی، جب مذکورہ تصویر کھینچنے والے عالمی شہرت یافتہ فوٹو گرافر اسٹیو مک کری نے وضاحت کی کہ یہ تصویر دراصل ایک 68 سالہ افغان پناہ گزین شہباز کی ہے، جو انہوں نے پاکستان میں کھینچی تھی۔سٹیو مک کری نے یہ تصویر اپنے اَن ویریفائیڈ اکاؤنٹ پر گزشتہ برس پوسٹ کی تھی۔