گریڈ 22 کے عمران زیب وفاقی سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ، مریم خان کی خدمات نیکٹا سے پنجاب کے سپرد، 4 ڈی آئی جیز کے بھی تبادلے

15 مارچ 2018

اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار+ نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں۔ گریڈ 22 کے افسر ڈاکٹر عمران زیب کو وفاقی سیکرٹری وزارت ہائوسنگ تعینات کر دیا گیا۔ ڈاکٹر عمران زیب چیئرمین ایکسپورٹ پراسیسنگ زون تھارٹی کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ (پاس)کی گریڈ انیس کی افسر مریم خان کی خدمات فوری طور پر حکومت پنجاب کے حوالے کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں بدھ کو نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔ دوسری طرف حکومت پنجاب نے محکمہ پولیس کے 4 ڈی آئی جیز کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد شہزاد سلطان کو ڈی آئی جی کرائم انویسٹی گیشن برانچ پنجاب، محمد اسحاق جہانگیر کو ڈی آئی جی لاجسٹک اینڈ پروکیورمنٹ پنجاب، شاہد جاوید کو ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ پنجاب جبکہ بابر بخت قریشی کو ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو سی پی او پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔