وومن آن ویلز پروجیکٹ کا مقصد خواتین کو خود مختار بنانا ہے: رائے اعجاز
لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس"وومن آن ویلز پراجیکٹـ" کے تحت خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دے رہی ہے۔ اب تک 680خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دی جا چکی ہے جبکہ ایل او ایس ریسکیو اکیڈمی میں خواتین کی ٹریننگ کا تیسواں بیج زیر تربیت ہے۔خواتین کو بااختیار اور خود مختار بنانے سے ترقی کی منزلیں طے کی جا سکتی ہیں۔ خواتین بااختیار ہونگی تومعاشرے میں واضح تبدیلی آئیگی ہے۔ان خیالات کا اظہارچیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجازاحمد نے ایل او ایس ریسکیوا کیڈمی میں دورے کے دوران زیر تربیت خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وومن آن ویلز پروجیکٹ کامقصد خواتین کوزیادہ پراعتماد اور خود مختار بنانا ہے۔معاشرتی اورسماجی ترقی کیلئے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کاکرداربہت اہمیت کا حامل ہے۔اس کے دوران رائے اعجاز احمد نے ٹریننگ کے مختلف مراحل بھی دیکھے۔سٹی ٹریفک پولیس اور ٹیوٹا کے تعاون سے لاہور میں6ڈرائیونگ سکولز بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ ڈرائیونگ سکول سنگھ پورہ اور ڈرائیونگ سکول گلبرگ میں صرف اور صرف خواتین کو گاڑی چلانے کی تربیت دی جارہی ہے۔خواتین کی کار ،موٹر سائیکل چلانے کی تربیت فری دی جا تی ہے جبکہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کئے جاتے ہیں۔ شہری ڈرائیونگ سکولز میں داخلہ کیلئے ہیلپ لائن15پر کال،راستہ ایپ اور سٹی ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا سے راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔