لاہور: 2 پاکستانی نوجوان بھائیوں کے آن لائن ڈیٹا مائنس پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر‘ ہارورڈ یونیورسٹی میں دھوم مچ گئی

15 مارچ 2018

لاہور( این این آئی)لاہور کے دو بھائیوں نے آن لائن ڈیٹا سائنس پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے ہارورڈ یونیورسٹی میں دھوم مچادی،ڈیٹا سائنس، ریاضی اور معاشیات کا مجموعہ ہے جس کے ذریعے اعداد وشمار کا تجزیہ کرنا ممکن ہوتا ہے۔لاہور کے علاقے اقبال ٹائون کے رہائشی 20سالہ طیب اور 19سالہ طاہر نے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی سے 6 ماہ کا آن لائن کورس کیا اور پھر فائنل پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھادی۔ان کے پراجیکٹ کا موضوع امریکہ میں آبادی کے لحاظ سے غربت کی شرح کا جائزہ لینا تھا۔ طلبہ نے بتایا کہ انہوں نے یہ کورس آئی سی ایس کے بعد کیا ہے، ان کی ہر جگہ حوصلہ افزائی ہوئی اور وہ اسی فیلڈ میں اپنے ملک کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔طلبہ نے بتایا کہ ان کے پاس آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سیف سٹیز، اسپائی ڈرونز، اور سیلف ڈرائیونگ کاروں سمیت کئی آئیڈیاز ہیں، جن پر وہ ڈیٹا سائنسز کی مدد سے کام کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے والد چھوٹی سے دکان چلاتے تھے، وہ جگر کے کینسر میں مبتلا ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ دونوں بھائی ملازمت کرکے اپنے تعلیمی اور گھریلو اخراجات اٹھا رہے ہیں۔