لوہا ہزار روپے ٹن، مہنگا یوٹیلٹی سٹور ز پر چائے، مشروبات، شمپو سمیت مختلف اشیا کی قیمتیں 60 روپے تک بڑھ گئیں

15 مارچ 2018

لاہور+اسلام آباد (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) بین الااقوامی مارکیٹ میں لوہے کی قیمتوں میں اضافے اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کے رحجان کے باعث لاہور کی لوہا مارکیٹ میں لوہے کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لوہے، آئرن اینگل سمیت لوہے کی دیگر مصنوعات میں 8 سے 9 ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہو گیا ہے‘ قیمتیں 80 ہزار روپے فی ٹن تک پہنچ گئی ہیں سکریپ کی قیمت میں بھی 400 روپے فی من اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس اضافے کے ساتھ سکریپ کی قیمت 2 ہزار روپے فی من پہنچ گئی ہے۔ علاوہ ازیں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ چائے کی پتی کے 950 گرام قیمت میں 60 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، چائے کی 215 گرام پتی کی قیمت میں 149 سے بڑھا کر 169 روپے کردی گئی، مشروب کے 1500 ملی لیٹر کی قیمت کی قیمت میں 45 روپے ‘800 ملی لیٹر کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ بریانی مصالحہ کی 50 گرام پیکٹ کی قیمت میں 5 جبکہ گوشت مصالحہ کی قیمتوں میں 10 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ شیمپو کی قیمت میں 15 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔ کسٹرڈ پائوڈر کی قیمتوں میں 4 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ اطلاق فوری کردیا گیا۔