بلاول نے شیری رحمان کو سینٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا‘ ہمارا حق ہے: چیئرمین پی ٹی آئی

15 مارچ 2018

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کون ہوگا اس حوالے سے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف آمنے سامنے آگئے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے سینٹ میں شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کرنے جارہی ہے کیونکہ اب سینٹ میں پہلی مرتبہ خاتون اپوزیشن لیڈر ہوں گی۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن لیڈر کے لیے ابتدا میں میاں رضا ربانی اور فاروق ایچ نائیک کے ناموں پر بھی غور کیا تھا لیکن پارٹی قیادت نے شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ کیا۔ میاں رضا ربانی نے ایوانِ بالا میں اپوزیشن لیڈر بننے سے انکار کردیا تھا۔ پی پی پی کے رہنما قیوم سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اکثریت موجود ہے اور وہ ایوانِ بالا میں اپنا اپوزیشن لیڈر لے کر آئے گی جس کے لیے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے جائیں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینٹ میں پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے اعظم سواتی کو ایم کیو ایم‘ جماعت اسلامی اور فاٹا اراکین سمیت دیگر جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیابدھ کے روز پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سینیٹر اعظم سواتی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں عمران خان کا کہنا تھاپیپلزپارٹی نے ڈپٹی چیئرمین کا سینٹ میںعہدہ حاصل کرلیا ہے۔ اب ملک کی دوسری بڑی اپوزیشن جماعت کا حق ہے۔ سینٹ میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہونا چاہیے اعظم سواتی ہمارے امیدوار ہوسکتے ہیں اور امید ہے اس حوالے سے چیئرمین صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا بھی سینٹ میں پی ٹی آئی کا اپوزیشن لیڈر لانے پر متفق ہوں گے جس پر سینیٹر اعظم سواتی نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ سینٹ میں تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرکے پی ٹی آئی کے حق میں منالیں گے ۔ دریں اثناء فیصل آباد سے منتخب ہونے والے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی رضا نصراللہ گھمن پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں۔ لیگی ایم پی اے نے بنی گالا میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران سے ملاقات کے بعد ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء چودھری سرور‘ اسد عمر‘ شفقت محمود‘ راجہ ریاض سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا پاکستان اور سیاسی نظام کو غیرمعمولی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک بھر خصوصاً پنجاب میں تبدیلی کی تڑپ دیکھ رہا ہوں۔ موجودہ مرحلے کے بعد ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈرکیلئے ایم کیو ایم ،پی آئی بی کے کنونیئر فاروق ستار سے رابطہ کیا۔ فاروق ستار نے تحریک انصاف کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ فاروق ستار نے بہادر آباد کے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مل کر فیصلہ اور ووٹ دیں گے۔