پی پی آئی بی کا اجلاس،مختلف منصوبوں کے مالیاتی امور میں توسیع کی منظوری

15 مارچ 2018

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پرائیویٹ پاور اینڈانفراسڑکچربورڈ(پی پی آئی بی )کا 115واں اجلاس وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں بورڈ نے 660کے وی ایچ وی ڈی ایل مٹیاری تا لاہور ٹرانسمیشن لائن کے مالیاتی امور مکمل کرنے کیلئے ڈیڈلائن میں توسیع کی منظوری دے دی، بورڈ نے سی پیک کے دیگر دو کوئلے کے منصوبوں جس میں 330میگاواٹ تھر انرجی اور 330میگاواٹ کے تھل نووا منصوبوں کے مالیاتی امور مکمل کرنے کیلئے بھی ڈیڈ لائن میں توسیع کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دی جا رہی ہے تا کہ ان کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل الیکٹرک سٹی پلان اور نئی انرجی پالیسی بھی تکمیل کے مراحل میں ہے، اور اس سے مستقبل کی بجلی کی ضروریات اور بجلی گھروں کی توسیع کے متعلق مکمل معلومات حاصل ہو جائیں گی۔ پی پی آئی بی کے ایم ڈی شاہجہان مرزا نے اجلاس کو بتایا کہ ایک سال کے قلیل عرصہ میں 1467میگاواٹ کے دو منصوبوں نے پیداوار شروع کر دی ہے،جبکہ 5000میگاواٹ کے مختلف منصوبوں نے جزوی پیداوار شروع کر دی ہے۔