نیشنل الیکٹرک پالیسی آئندہ ماہ سی سی آئی اجلاس میں پیش کی جائیگی‘ اویس لغاری

15 مارچ 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس لغاری نے کہا ہے کہ رواں سال بجلی کی فراہمی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت بہتر رہے گی۔ جن فیڈرز پر لائن لاسز کم ہوں گے وہاں کوشش ہوگی کہ لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔ ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ آئندہ ماہ نیشنل الیکٹرک پالیسی منظوری کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پیش کر دی جائے گی۔ سولر انرجی کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کے ٹرانسمیشن سسٹم میں بہتری آئی ہے لیکن ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری کی ضرورت ہے۔ چار ماہ سے تمام توجہ ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری پر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سولر انرجی کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پی پی آئی بی اور اے ای ڈی پی کو متبادل توانائی کے استعمال کو بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اویس لغاری نے کہا کہ بلوچستان میں اگر ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کر دیئے جائیں تو سالانہ 150 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بھی سولر ٹیوب ویل متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔