مسلم لیگ کو اپنے اندر کی دراڑوں کے باعث سینیٹ میں شکست ہوئی‘ لیاقت بلوچ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سینیٹ میں حکومتی پارٹی کو اپنے اندر پائی جانے والے دراڑوں کی وجہ سے شکست ہوئی ۔ ایم ایم اے کی جماعتوں کے سینیٹرز نے راجہ ظفر الحق کو ووٹ دیے ۔ حکومت کو ریاستی اداروں کے ساتھ ٹکرائو کی پالیسی چھوڑنا پڑے گی ۔ حکومتی رویے سے ریاستی ادارے باہمی تصادم کا شکار ہوئے تو کچھ نہیں بچے گا ۔ جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتوں کی کرپشن نے ریاست کو مشکل میں ڈال دیاہے ۔ حکمران طبقہ اسٹیٹس کو ،کو قائم رکھنے کے لیے قومی دولت لوٹ رہاہے اور لوٹی گئی دولت کو بچانے کے لیے ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا کیا جارہاہے ۔ عدلیہ کو مضبوط اعصاب کے ساتھ اپنے کردا ر پر قائم رہتے ہوئے پانامہ ، دبئی اور لندن لیکس کے کرداروں اور اربوں روپے کے قرضے لے کر ڈکارنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے ۔ پوری قوم سپریم کورٹ کی پشت پر ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام چوروں ،لٹیروں کا احتساب چاہتے ہیں ۔ ہم سپریم کورٹ سے توقع رکھتے ہیں کہ احتساب کا عمل جاری رہے گا مگر اس وجہ سے الیکشن کا التواء نہیں ہوگا ۔ آئین میں متعین مدت کے مطابق الیکشن کا انعقاد ضروری ہے ۔ شفاف انتخابات کے ذریعے ہی صاف ستھری جمہوریت آئے گی اور قومی ادارے مستحکم ہوں گے۔