وزیر ریلوے کا ٹرینوں میں سہولیات کے معیارکیلئے شارٹ اور مڈ ٹرم پلان بنانے کا حکم

15 مارچ 2018

اسلام آباد(خبر نگار)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں میں سہولیات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے شارٹ اور مڈ ٹرم ماسٹر پلان بنانے کا حکم دے دیاہے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے،سعد رفیق نے کہا کہ اپ گریڈ کی جانے والی جس بھی ٹرین سے کسی بھی خرابی کی وجہ سے کوچ اتاری جائے تو اس ٹرین میں اسی معیار اور سہولیات کی حامل متبادل پسنجر کوچ لگائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گرمیوں کا موسم شروع ہونے والا ہے لہٰذا اکانومی کی تمام کوچز میں مناسب ہوا کے لیے پنکھوں کی تعداد پوری کی جائے اور واشنگ لائن میں ہی معمولی ٹوٹ پھوٹ اور خرابی کو ٹھیک کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔ وزیر ریلویز کو بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر خیبر میل کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے اور رواں مہینے کے اختتام تک خیبر میل کے دو اپ گریڈڈ ریک تیار کرلیے جائیں گے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں میں ٹوٹے ہوئے شیشے ، خراب پنکھے ، ٹوٹیاں ، ہینڈ شاور ، فیوزبلب کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا اب ریلوے کے پاس وسائل موجود ہیں لہٰذا اپ گریڈ کی جانے والی ٹرینوں کے اسی معیار اور سہولتوں کی حامل اضافی پسنجر کوچز تیار کی جائیں تاکہ ٹرینوں میں سہولیات کا بہترین معیار برقرار رکھا جاسکے۔