ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پی اے ایف ہسپتال کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے گزشتہ روز پی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میںپی اے ایف ہسپتال کا افتتاح کیا۔ہسپتال آمد پر ائیر مارشل مجاہد انور خان ،ڈپٹی چیف آف دی سٹاف (سپورٹ) نے انکا استقبال کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیااور وہاں پر تعینات ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس سٹاف کے ساتھ اس منصوبے پر تبادلہء خیال کیا۔ اس موقع پراپنے خطاب میںپاک فضائیہ کے سربراہ نے قومی ترقّی میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا اور ریکارڈ مدّت میں ہسپتال قائم کرنے پراس منصوبے سے منسلک ٹیم کی تعریف کی۔ جدید طبّی سہولیات سے مزیّن یہ ہسپتال پاک فضائیہ کے افراد کے علاوہ اسلام آباد او راولپنڈی کے شہریوں اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے لوگوں کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ ائیرچیف نے کہا کہ یہ ہسپتال پاک فضائیہ کی جانب سے حالیہ عرصے میں فراہم کردہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں ایک کارآمد اضافہ ہے۔ ہسپتال میں میڈیسن، سرجری ، گائنی، ریڈیالوجی ، پیتھالوجی ، ای این ٹی ، آئی ، پیڈیا ٹر ک ، سائیکائٹری ، انیستھیزیا،سکن ،آرتھوپیڈک ،فزیوتھراپی اور پین مینیجمنٹ کے شعبہ جات میں مقامی افراد کو علاج و معالجہ کی سہولیات مہیا ہوں گی۔