سرکاری اشتہا رات بحال کرنے پر سی پی این ای کا چیف جسٹس سے اظہار تشکر

15 مارچ 2018

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اخبارات کے لئے سرکاری اشتہارات کو بحال کرنے پرانتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سی پی این ای نے اشتہارات کے ضمن میں ازخود نوٹس کیس کی حالیہ سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد کی سربراہی میں سرکاری اشتہارات بارے گائیڈ لائنز تیار کرنے کی ہدایت کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سی پی این ای گائیڈ لائنز کی تیاری میں اخبارات کے سینئر ایڈیٹروں سے مشاورت کرے گی۔ واضح رہے کہ حالیہ سماعت کے دوران سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد نے سپریم کورٹ میں سی پی این ای کا اصولی موقف بیان کرتے ہوئے بتایا کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی اخبارات کی بقا سے منسلک ہے، جبکہ بیشتر اخبارات کا معاشی استحکام کا سرکاری اشتہارات پر کافی انحصار ہوتا ہے، جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی جانب سے میڈیا کو اشتہارات جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی بلکہ صرف سیاسی شخصیات کی تصاویر والے اشتہارات جاری نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔