کراچی: رینجرز سے مقابلے میں ہلاک 5 دہشت گردوں کی شناخت‘ آپریشن میں 50 گرفتار

15 مارچ 2018

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں مارے جانے والے لیاری گینگ وار کے پانچوں کارندوں کی شناخت ہوگئی۔ رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران 50 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ لیاری کے علاقے علی محمد محلے ذکری پاڑہ میں منگل کی شب گشت کرنے والے رینجرز اہلکاروں پر دستی بم اور آوان بم سے حملہ کرنے کے علاوہ فائرنگ کی گئی تھی، پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت چاکر علی‘ مہر علی‘ عامر علی عرف پانڈے‘ عمیر علی اور عامر کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق مبینہ طورپر گینگ وار کے زاہد لاڈلا اور شیراز ذکری گروپ سے ہے۔ گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ان ملزموں کی ہلاکت کے بعد رینجرز کی بھاری نفری نے علی محمد محلے اور ذکری پاڑہ کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے ان مشتبہ افراد کو لیاری کے مختلف تھانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔