اورنج ٹرین کا 86 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے: خواجہ حسان
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ لاہوراورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے ۔ اس کا86فیصد تعمیراتی اور تقریبا ً نصف الیکٹریکل و مکینیکل ورکس مکمل کیا جا چکا ہے ۔ وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زیر زمین جی پی او سٹیشن کا 45فیصد جبکہ زیر زمین راستے کی تعمیر کا 60فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔اجلاس میں جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس و دیگر محکموں کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ چوبرجی کے قریب بہاولپور روڈ پر جامع مسجد محمدیہ کا سنگ بنیاد آج رکھا جا رہا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی مسجد کی نئی عمارت تعمیر کرے گی۔