گزشتہ کے مقابلے رواں برس بجلی فراہمی کی صورتحال بہتر رہے گی: اویس لغاری
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ رواں سال بجلی کی فراہمی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت بہتر رہے گی کوشش ہوگی جن فیڈرز پر لائن لاسز کم ہوں وہاں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے ، ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر کیا جا رہا ہے، آئندہ ماہ نیشنل الیکٹرک پالیسی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پیش کر دی جائیگی، بلوچستان میں ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کرنے سے سالانہ 150 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ اویس لغاری نے یہ بات سولر انرجی کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سولر انرجی کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اویس لغاری کی زیر صدارت پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کا اجلاس ہوا۔ مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن کے فنانشل کلوز میں توسیع کی منظوری دی گئی۔