پی ایس ایل: قذافی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی جانچ پڑتال مکمل
لاہور (نمائندہ سپورٹس +نامہ نگار+خبرنگار ) قذافی سٹیڈیم لاہور میں 20اور 21مارچ کو کھیلے جانے والے پی ایس ایل تری کے میچوں کے انقاد کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اس سلسلے میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں نصب فیلڈلائٹس کی جانچ پڑتال کا سلسلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ گزشتہ روز جنریٹر کے ذریعے باری باری ان فیلڈ لائٹس کی ورکنگ کا جائزہ لیا گیا جبکہ دوسری طرف قذافی سٹیڈیم کے قریب واقع ایل سی سی اے گرائونڈ کو فیلڈ لائٹس کی شکل دینے کیلئے نہ صرف کھمبوں کی تنصیب کا کام مکمل کیا جا چکا ہے کہ بلکہ ان کھمبوں پر بلبو ں کی تنصیب کیلئے 144 لائٹس ایل سی سی اے گرائونڈ پہنچا دی گئی ہیں۔پی ایس ایل کرکٹ میچ کے سلسلہ میں پولیس وقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروںنے قذافی سٹیڈیم میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے فرضی ہنگامی مشقیں کیں۔ فرضی مشقوں میں پولیس ،سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس ، بم ڈسپوزل سکواڈاور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ فرضی مشقوں کا مقصد دہشت گردی جیسی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنا ہے۔ فرضی مشقوں کے دوران اہلکاروں کی صلاحیتوں اور رسپانس ٹائم کا جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق پی ایس ایل کرکٹ میچوں کے حوالے سے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس ہر طرح خود کو تیار کررہی ہے۔سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی سیکورٹی پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ پولیس کے جوان اپنی جانوںکی پرواہ کئے بغیر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے لئے تیار ہیں۔فرضی مشقیں حفاظتی اقدامات کے پیش نظر قذافی سٹیڈیم میں کی گئی ہیں۔ پی ایس ایل کرکٹ میچز کی فول پروف سکیورٹی کے پیش نظر ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں پولیس نے سٹیڈیم کے اطراف میں گزشتہ روز بھی سرچ اینڈ کومبگ آپریشن جاری رہا۔سرچ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا ہے۔پولیس کے مطابق سرچ آپریشن ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے مختلف تھانوں کی حدود میںہوٹلز، مارکیٹس،آبادیوں اورپلازوں میں کیا جارہا ہے ۔سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے چیک کیا جارہا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران لوگوں سے شور ٹی بانڈز بھی لئے جارہے۔ڈپٹی کمشنر لاہورسمیر احمد سید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے میچوں کی تیاریوں کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے۔ واسا ، ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین صفائی ستھرائی کا کام کر ہے ہیں۔ پی ایس ایل شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے انتظامات کا آغاز پنجاب یونیورسٹی میں کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سیدنے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایس ایل میچوں کے حوالے سے تیاریوں کو بر وقت مکمل کریں۔