انجیلا مرکل چوتھی بار جرمنی کی چانسلر منتخب مخالفت میں 315 ووٹ ڈالے گئے

15 مارچ 2018

برلن (صباح نیوز) انجیلا مرکل چوتھی اور متوقع طور پر آخری مرتبہ جرمن چانسلر منتخب ہو گئیں۔گزشتہ برس ستمبر میں انتخابات کے تقریباً 6 ماہ بعد جرمنی میں حکومت کا قیام ممکن ہو سکا۔ جرمن پارلیمنٹ میں چانسلر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ ہوئی جس میں انجیلا مرکل 364 ووٹ حاصل کر کے چوتھی بار جرمن چانسلر منتخب ہوگئیں۔ انجیلا مرکل کی مخالفت میں 315 ووٹ پڑے جبکہ 9 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ جرمنی کی مخلوط حکومت چانسلر میرکل کی سی ڈی یو، ان کی ہم خیال جماعت سی ایس یو اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر مشتمل ہے۔ بعدازاں جرمن صدر فرینک والٹر اسٹیمنیئر نے جرمن چانسلر سے عہدے کا حلف لیا۔ انجیلا مرکل نے گزشتہ انتخابات میں 80 فیصد پارلیمنٹری اکثریت حاصل کی تھی جو اس بار کم ہو کر 56 فیصد رہ گئی ہے۔ جرمن چانسلر عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلا دورہ فرانس کا کرریں گی جہاں وہ 22 اور 23 مارچ کو ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گی اور فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون کے ساتھ یورپی یونین کے قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے اہم بات چیت کریں گی۔