رائیونڈ: پولیس چیک پوسٹ کے قریب خودکش دھماکہ‘ 4 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید‘ 30 زخمی
لاہور/رائے ونڈ (نامہ نگار + این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جبکہ30 زخمی ہو گئے ،بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق بزدلانہ کارروائی میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ہے ، اطلاع ملتے ہی پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، ریسکیو 1122،بم ڈسپوزل سکواڈ سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریب واقع شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس اوررائے ونڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ، قانون نافذ کرنے والے اداروںنے جائے وقوعہ کو سیل کر کے قریبی آبادیوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آئی جی پولیس سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ،صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،وزیر داخلہ احسن اقبال، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، (ق) لیگ کے سربراہ شجاعت حسین ، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ آصف زرداری ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت دیگر رہنمائوں نے دھماکے سے ہونے والے نقصان پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بتایاگیا ہے کہ رائیونڈ اجتماع گاہ کی طرف جانے والے راستے پر قائم نثار چیک پوسٹ پر اے ایس پی ،دو ایس ایچ اوز سمیت اہلکارموجود تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا ۔ دھماکہ اس قدر شدید تھاکہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور افرا تفری پھیل گئی ۔ فرانزک ماہرین بھی موقع پر پہنچ گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر کے مطابق دھماکے میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا جس میں پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے ۔اے ایس پی اور ایس ایچ او زسمیت دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر ، ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید بھی ہسپتال پہنچ گئے اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او لاہور کے مطابق 9 پولیس اہلکاروں سمیت 30 افراد زخمی ہوئے شہدا میں سب انسپکٹر محمد اسلم، کانسٹیبل تنویر احمد اور سعید شامل ہیں۔ اے ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 9 اہلکار زخمی ہوئے زخمیوں میں سب انسپکٹر منظور، کانسٹیبل حامد، نعیم، فاروق، کرامت، اکرم، سعید، اسرار، جاوید شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ اے ایس پی رائے ونڈ زبیر نذیر خیریت سے ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق عشاء کی نماز کے بعد پولیس کیمپ کے پاس خودکش نے اپنے آپ کو اڑا دیا جس سے 4 پولیس اہلکار اور 3 تبلیغی کارکن موقع پر ہی شہید ہو گئے ملک بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی۔