نواز شریف الزا م تراشی میں عمران خان کیساتھ مل گئے‘ خورشید شاہ

15 مارچ 2018

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ ہمارا دربار جمہوریت ہے، پیپلز پارٹی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ جمہوریت کیلئے سرکٹوایا اور لہو بہائے،نہ کبھی کسی کے سامنے جھکے نہ جھکنے کا ارادہ ہے،ہمارے پاس سینیٹ میں اکثریت ہے، قائدحزب اختلاف کا عہدہ کامیابی سے حاصل کرلیں گے۔ تحریک انصاف کو اپنا اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کا جمہوری اختیار حاصل ہے۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ خورشید شاہ نے نواز شریف کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے عمل میں پیپلز پارٹی کے کردار پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اگر اپنے ماضی میں جھانکیں تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ آمروں کے سامنے سر کس نے جھکائے، نواز شریف کا وطیرہ الزام تراشی بن چکا ہے اور اس عمل میں وہ عمران خان کے ساتھ مل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ ہارس ٹریڈنگ ثابت کرنے کیلئے عدالتوں میں گئے ہیں اب دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے، میاں صاحب کو چھانگا مانگا یاد آرہا ہے تاہم اب وہ دور گزر چکا ہے اب وہاں بڑی بڑی عمارتیں بن چکی ہیں۔