پیپلز پارٹی نے شیری رحمنٰ کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا

15 مارچ 2018

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے شیری رحمان کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا ہے۔ تاہم بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے مزید مشاورت کے لیے پارٹی کی سینئر قیادت کو زرداری ہاوس بھی طلب کرلیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے شیری رحمان کی اپوزیشن لیڈر نامزدگی کے بعد پارٹی نے مطلوبہ حمایت کے حصول کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔104رکنی ایوان میں پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد 20 ہے جب کہ فاٹا کے 6 سینیٹرز نے بھی اپوزیشن لیڈرکے لئے شیری رحمان کی حمایت کرتے ہوئے ریکوزیشن پردستخط کر دیئے ہیں اور فاٹا کے تعاون کے بعد شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر کے لیے 26 سینیٹرز کی حمایت مل گئی۔ پیپلز پارٹی سینیٹ میں آزاد گروپ کے 6سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ دریں اثناء پی پی پی کے سینیٹر سحر کامران نے اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزدگی پر شیری رحمان کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں شیری رحمان پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر ہوں گی۔ انہوں نے شیری رحمان کو نامزد کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کی بھی تعریف کی۔