26 شہروں کے 69 فیصد پانی کے نمونوں میں آلودگی

15 مارچ 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان تحقیقاتی کونسل برائے آبی وسائل (پی سی آر ڈبلیو آر) نے گزشتہ تین سال کے دوران ملک بھر میں قائم اپنے 24 واٹر کوالٹی لیبارٹریوں کے نیٹ ورک کے ذریعے 80686 پانی کے نمونوں کا تجزیہ کیا۔ جاری کردہ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق 26 شہروں میں 69 فیصد پانی کے نمونوں میں آلودگی پائی گئی، صرف 31 فیصد سیمپلز کو پینے استعمال کیلئے کلیئر قرار دیا گیا۔ بدھ کو پی سی آر ڈبلیو آر حکام کے مطابق ملک بھر میں قائم 24 لیبارٹریوں کے توسط سے گزشتہ تین سال کے دوران مختلٖف شہروں میں 80 ہزار سے زائد پینے کے پانی کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق 26 شہروں کے 69 فیصد نمونوں میں بیکٹیرئل، آرسینک، نائٹریٹ، فلورائیڈ اور آئرن جیسے مضر صحت مواد پائے گئے جو انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔ رپورٹ متعلقہ مقامی، صوبائی اور وفاقی حکام کو بھیج دی گئی ہے۔