بھارتی دارالحکومت میں موجود پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ اور بچوں کو ہراساں کرنا سفارتی آداب کے خلاف ہے وزیر دفاع
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کے اہل خانہ اور بچوں کو ہراساں کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا بھارتی وزارت خارجہ سے متعدد بار احتجاج کے باجود ناخوشگور واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی حکومت اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور پاکستانی سفارتکاروں اوران کے اہل خانہ کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی دارالحکومت میں موجود پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ اور بچوں کو ہراساں کرنا سفارتی آداب کے خلاف ہے۔ انہوں نے اہل خانہ سمیت بچوں کو ہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر واضح کیا کہ پاکستانی سفارتکاروں کی سکیورٹی بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارتی وزارت خارجہ سے متعدد بار احتجاج کے باوجود واقعات جاری ہیں۔ بھارتی سرکار اپنی ذمہ داری کا احساس کرے اور پاکستانی سفارتکاروں سمیت ان کے اہل خانہ اور بچوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے ۔
خرم دستگیر