چیف سیکریٹری سے پی ایم اے کی ملاقات‘ صحت کے مسائل پر تبادلہ خیال

15 مارچ 2018

کراچی (ہیلتھ رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے جوڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد ، سیکریٹری جنرل ۔پی ایم اے سینٹر اور ڈاکٹر عبدالغفور شورو ۔جنرل سیکریٹری پی ایم اے کراچی پر مشتمل تھا، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن سے ملاقات کی جس میں سندھ میں ہیلتھ ڈیلیوری سسٹم کی موجودہ صورتحال اور اس کو درپیش مسائل زیر بحث آئے ۔سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق سندھ کے ڈاکٹر بشمول جنرل کیڈر ، اسپیشل کیڈر اور ڈینٹل سرجنز کی ترقیوں کا معاملہ ، ڈاکٹروں کو ٹائم سکیل پروموشن دیئے جانے کا مسئلہ ، سندھ کے ڈاکٹروں کی تنخواہیں دوسرے صوبوں کے مساوی کرنے کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہونے والے مرحوم ڈاکٹروںکے پسماندگان کے لیے معاوضہ کی رقم، صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور خاص طور پر ڈاکٹروں کی سیکورٹی کے معاملات اور سندھ میں پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسوں کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔ چیف سیکریٹری نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ وزیر اعلی کی ہدایات پر 5600سے زائد ڈاکٹروں کو سندھ پبلک
سروس کمیشن کے تحت بھرتی کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی ترقیوں کے حوالے سے چیف سیکریٹری صاحب نے بتایا کہ پچھلے ہفتے 1069 ڈاکٹروں کو گریڈ 18سے 19میں ترقی دے دی گئی ہے ۔